سرینگر (جموں کشمیر) : ’’ڈل پری‘‘ کے نام سے جدید ساز و سامان سے لیس تیرتی ایمبولینس سروس ڈل جھیل میں شروع کی گئی ہے۔ ایک غیر سرکاری تنظیم نے جھیل ڈل میں رہنے والے لوگوں کی راحت رسانی کے لیے ایمبولنس سروس بہم رکھی ہے تاکہ کسی بھی طبی ایمرجنسی کے دوران بر وقت نمٹا جا سکے اور ڈل کے آس پاس کے رہائش پذیر اور سیاحوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
جدید ترین طبی آلات سے لیس اور تربیت یافتہ نیم طبی عملہ اس ایمبولینس میں 24 گھنٹہ اپنی خدمات انجام دے گا تاکہ نازک حالت میں بر وقت مریضوں کی دیکھ بھال کی جا سکے۔ ایمبولینس میں جو زندگی بچانے والے آلات دستیاب رکھے گئے ہیں ان میں کارڈیک مانیٹر، ڈیفبریلیٹرز، آکسیجن سپورٹ کے علاوہ ہنگامی حالات سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے مختلف ادویات بھی شامل ہیں۔