سرینگر: جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر اور گوٹلی باغ گاندربل میں آگ کی وارداتوں میں دو عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سرینگر کے بمنہ علاقے میں گرڈ اسٹیشن کے نزدیک پی ڈی ڈی عمارت سے اچانک آگ ظایر ہوگئی۔ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا، تاہم آتشزدگی کی اس واقعہ میں عمارت کی اوپری منزل کو نقصان پہنچا ہے۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
دریں اثنا وسطی ضلع گاندربل کے گوٹلی باغ علاقے میں اتور کی صبح رہائشی مکان سے آگ ظاہر ہوئی، جس نے آناًفاناً عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ رہائشی مکان کے دو کمروں میں درسگاہ بھی قائم تھا۔ان کے مطابق اوپری منزل میں گھاس کی گچیاں جمع ہونے کی وجہ سے عمارت سے آگ نمودار ہوئی تاہم پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کیا ہے۔