سرینگر: شہرہ آفاق جھیل ڈل میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات کے دوران دو رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی شام کو ڈلگیٹ سرینگر میں جھیل ڈل میں قائم رہائشی ہٹ سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل اور ایک رہائشی ڈھانچے کو لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دو رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے اس حوالے سے بتایا کہ جھیل ڈل میں رہائشی ہٹ سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی بٹہمالو ، ڈلگیٹ اور رعناواری سے فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے۔انہوں نے بتایا کہ کافی دیر کے بعد تین فائر پمپوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ۔