محمد علی کا پیدائشی نام کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر تھا، ان کی پیدائش 17 جنوری 1942ء کو امریکہ میں ہوئی تھی، وہ ایک سابق مکے باز تھے جو 20 ویں صدی کے عظیم ترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے تین مرتبہ مکے بازی کی دنیا کا سب سے بڑا اعزاز "ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن شپ" جیتا اور اولمپک میں سونے کے تمغے کے علاوہ شمالی امریکی باکسنگ فیڈریشن کی چمپیئن شپ بھی جیتی۔ وہ تین مرتبہ ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ چمپیئن شپ جیتنے والے پہلے مکے باز تھے۔
محمد علی مسلسل سات مقابلوں میں مایہ ناز مکے بازوں کو شکست دیتے گئے - باکسنگ کیریئر میں پہلا قدم
انہوں نے 29 اکتوبر 1960ء کو آبائی قصبے لوئسویل میں پہلا مقابلہ جیتا۔ باکسنگ میں ان کا کیریئر ایک شوقیہ کھلاڑی کی حیثیت سے کامیاب رہا لیکن ان کو عظمت اس وقت حاصل ہوئی جب ساٹھ کی دہائی میں انہوں نے روم اولمپِک میں سونے کا تمغہ جیتا۔ تمغہ جیتنے کے بعد محمد علی کو نسل پرستی کا سامنا رہا لیکن ان واقعات کے باوجود ان کی کامیابیوں کا سلسلہ چلتا رہا اور 40 سال کی عمر میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
فروری 1964ء میں کیسیئس کلے نے باکسنگ میں اس وقت کے عالمی چمپیئن سونی لسٹن کو کھلا چیلنج کیا اور انہیں ایک مقابلے کے چھٹے راؤنڈ میں شکست دی۔ اس کے بعد وہ مسلسل سات مقابلوں میں اس وقت کے مایہ ناز مکے بازوں کو شکست دیتے گئے۔ اس فتح کے بعد انہوں نے نیشن آف اسلام میں شمولیت اختیار کرلی اور اپنا نام محمد علی رکھ لیا۔ محمد علی کا کہنا تھا کہ کیسیئس کلے ایک غلامانہ نام تھا۔ باکسنگ میں محمد علی کی زندگی 20 سال پر محیط رہی جس کے دوران انہوں نے 56 مقابلے جیتے اور 37 ناک آؤٹ اسکور کیا۔
محمد علی مسلسل سات مقابلوں میں مایہ ناز مکے بازوں کو شکست دیتے گئے ویت نام جنگ کے دوران محمد علی نے امریکی فوج میں شامل ہونے کے عہد نامے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا جس کے نتیجے میں انہیں ان کے اعزاز سے محروم کر دیا گیا اور 3 سال کی سزا سنائی گئی۔ بعد میں سپریم کورٹ نے عوامی احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سزا سے مستثنٰی قرار دے دیا۔ بعد ازاں جب محمد علی پھر سے میدان میں اترے تو ان کی باکسنگ میں وہ کشش نہیں تھی اور جو فریزیئر نے انہیں شکست دیدی لیکن دو سال کے بعد انہوں نے بدلہ چکا لیا۔ جو فریزیئر اور محمد علی کا یہ مقابلہ مکے بازی کی تاریخ کے عظیم ترین مقابلوں میں شمار ہوتا ہے اور "فائٹ آف دی سنچری" یعنی صدی کی بہترین لڑائی کے نام سے مشہور ہے۔
محمد علی نے 1960ء کے دہے میں مسیحیت ترک کرکے نیشن آف اسلام قبول کرلیے تھے۔ تاہم 1975ء میں انہوں نے سنی اسلام اختیار کیے تھے۔ محمد علی نے زندگی میں چار مرتبہ شادی کی تھی۔ اس کی وجہ سے ان کی 7 بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں۔ بیٹیوں میں حنا، لیلیٰ، مریم، رشیدہ، جمیلہ، میا، خالیہ ہیں۔ جب کہ دو صاحبزادے اسعد اور محمد جونیئر ہیں۔
آبائی قصبے میں ہیوی ویٹ باکسر نے محمد علی سینٹر قائم کیا تھا 40 سال کی عمر میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ سنہ 1980ء میں ان کی صحت کے بارے میں خدشات نے جنم لینا شروع کر دیا اور ڈاکٹروں نے انہیں "پارکنسنس سنڈروم" (رعشہ) کا شکار پایا۔ محمد علی گذشتہ کئی سالوں سے رعشے کے مرض میں مبتلا رہے تاہم انہوں نے فلاحی کاموں کو نہیں چھوڑا اور اپنے آبائی قصبے لوئسویل میں 6 منزلہ محمد علی سینٹر قائم کیا۔ محمد علی کو سانس کی تکلیف کے باعث 2 جون، 2016ء کو ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔ ابتدائی طور پر ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔ تاہم اگلے دن علی کی حالت بگڑ گئی۔ اس کے بعد ان کی حالت بہتر نہیں ہوئی اور 3 جون کو 74 سال کی عمر میں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ اس طرح دنیائے باکسنگ پر کئی برس تک راج کرنے والے محمد علی 3 جون 2016 کو انتقال کر گئے۔