سرینگر: جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے حضرت شیخ نورالدین نورانی رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں،پارٹی کے صدر فاروق نے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تصوف کشمیری ثقافتی روایت کی بنیاد رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ "ریشیوں نے اسلامی تعلیمات کو مقامی طور پر ہر گھر تک پہنچایا۔ ان کی تعلیمات ان مسائل کے ایک دائرے کو چھوتی ہیں جو افراد کے ساتھ ساتھ معاشرے کو بھی اپنے دائرے میں رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہمدردی، بھائی چارے اور باہمی احترام کی بات کی جو کسی بھی مستحکم معاشرے کے اہم پہلو ہیں۔ ان عظیم انسانوں نے اپنی شاعری میں آفاقی اقدار کی ترجمانی کی۔ اس دن میں ریاست میں دائمی امن اور خوشحالی کی دعا کرتا ہوں۔"
پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ نند ریشیؒ سچائی، خدائی شعور اور تقویٰ کا مظہر تھے۔