اردو

urdu

ETV Bharat / state

سرحد پر لوگ امن و امان سے جی سکتے ہیں: فاروق عبداللہ - JK border area

نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھارت اور پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے پر سختی سے عمل کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ برصغیر میں امن کو پنپنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ
نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ

By

Published : Feb 25, 2021, 10:56 PM IST

انہوں نے جمعرات کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی فوجوں کے ڈی جی ایم اوز کی طرف سے جاری مشترکہ بیان، جس میں 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، کا خیر مقدم کرتا ہوں۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی افواج کی طرف سے جاری بیان پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 'اس سے سرحدوں کے قریب قیام پذیر آبادیوں کو اپنی زندگی امن و امان سے جینے کا موقع فراہم ہوگا اور وہ بنا کسی خطرے کے اپنی معمول کی زندگی گزار سکتے ہیں'۔

فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ ہی سرحدوں پر جنگ بندی کی مضبوط حامی رہی ہے۔ سرحدوں پر جاری گولہ باری سے معصوم اور بے گناہ لوگوں کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے اور بے شمار کنبے ایسے بھی ہیں جو اس وقت بھی ہجرت کر کے اپنے گھروں سے دور ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک سے اپیل کی کہ وہ بات چیت کو جنگ بندی معاہدے تک ہی محدود نہ رکھیں بلکہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات کے لئے مذاکرات کی میز پر آئیں اور مل بیٹھ کر پُرامن طریقے سے مسائل کا حل تلاش کریں۔

انہوں نے کہا کہ بات چیت ہی آگے بڑھنے کا واحد پُرامن راستہ ہے اور دونوں ممالک کو اسی سمت میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے جمعرات کو نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ بھارت اور پاکستان کا جنگ بندی معاہدے پر سختی سے عمل کرنے کا فیصلہ ایک بہت بڑی پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'نیشنل کانفرنس اس کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ دونوں ممالک معاہدے پر عمل درآمد کریں گے۔ نیشنل کانفرنس اس کی وکالت کرتی آئی ہے کہ بھارت اور پاکستان آپس میں بیٹھیں اور تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کریں'۔

عمران نبی نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی سرحدوں پر جب بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں ہوتی ہیں تو اس کے شکار جموں و کشمیر کے لوگ بنتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'مسائل بندوقوں اور بارود سے حل نہیں ہوں گے۔'' انہوں نے آج کی پیش رفت کو اندھیری سرنگ میں روشنی کے مترادف قرار دیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details