سرینگر: جموں وکشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ بتادیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کا 30 دسمبر کی علی الصبح قریب ساڑھے تین بجے احمد آباد کے ایک ہسپتال میں انتقال ہوا۔ وزیر اعظم کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ’ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے‘۔ Mehbooba Mufti expressed condolences on Heeraben Death
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے تعزیت پیش کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا: ’مودی جی کی والدہ کے انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا‘۔انہوں نے کہا: ’میں مصیبت کی اس گھڑی میں مودی جی اور ان کے اہلخانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتی ہوں‘۔ دریں اثنا جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے وزیر اعظم کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا: ’وزیر اعظم نریندر مودی جی کی والد ہ ہیرا بین کے انتقال کر خبر سن کر گہرا صدمہ ہو‘۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا: ’میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں، مصیبت کی اس گھڑی میں میری دعائیں پسماندگان کے ساتھ ہیں‘۔