سرینگر: جموں و کشمیر میں غیر مقامی باشندوں کو اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے حقوق کے متعلق آج آل پارٹیز میٹنگ میں اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے شامل نہ ہونے کا اشارہ دیا۔ الطاف بخاری نے کہا کہ حکومت نے اس معاملے پر صفائی دی ہے اور انہوں نے اس پر حکومت کا شکریہ ادا کیا، وہیں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے انہوں نے بات بھی کی ہے۔ Altaf Bukhari on All Party Meeting
یاد رہے کہ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے پیر کو اس معاملے پر آل پارٹیز میٹنگ بلائی ہے جس میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون، اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری، عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر مظفر شاہ، عام آدمی پارٹی کے نمائندہ اور سی پی آئی ایم کے لیڈر اور کانگریس کے جموں و کشمیر کے صدر وقار رسول کو مدعو کیا گیا ہے۔ Farooq Abdullah calls All Party Meeting
اگرچہ دیگر لیڈران کی اس میٹنگ میں شرکت کا قوی امکان ہے تاہم عام آدمی پارٹی نے اس میں شرکت کرنے سے انکار کیا ہے وہیں آج الطاف بخاری نے بھی اشارہ کیا کہ وہ اس میٹنگ میں نہیں جائیں گے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر ہردیش کمار سنگھ نے بدھ کو جموں میں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد یونین ٹریٹری میں 'دی ریپریزنٹیشن آف پیپلز ایکٹ 1950 اور 1951 لاگو ہوا ہے جس کے تحت ملک کا کوئی بھی باشندہ یہاں کے اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا اہل ہے جس طرح ملک کی دیگر ریاستوں میں جائز ہے۔