سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں پولیس نے ہفتے کے روز دو جعلسازوں کو جعلی سونے کے 440 بسکٹ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔ سرینگر پولیس نے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ ’’دو جعلسازوں - طاہر احمد مغل ساکنہ چونٹ ولی وار، گاندربل اور سرحدی ضلع کپوارہ کے نذیر احمد خان موجودہ رہائش باغ ماہ تاب، سرینگر - کو 440 نقلی سونے کے بسکٹ سمیت گرفتار کیا گیا۔‘‘
پولیس ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ (جعلساز) سونے کے بسکٹ کو فروخت کر کے عوام کو دھوکہ دینے کا منصوبہ بنا رہے تھے اور بمنہ پولیس سٹیشن میں متعلقہ دفعات میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ اس حوالے سے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’’ان دونوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 420 (دھوکہ دہی، ٹھگنے) اور 511 (ایسے جرائم کا ارتکاب کرنے کی کوشش کرنا جس کی سزا عمر قید یا اس سے کم قید ہو) کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر 57/2023 درج کی گی ہے۔ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔‘‘
پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ ’’یہ ابھی پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ نقلی سونے (کے بسکٹ) کا وزن کتنا ہے اور یہ دونوں اب تک کتنے لوگوں کو اپنے جال میں پھنسا چکے ہیں۔‘‘ دلچسپ بات ہے کہ بھارت میں جعلی سونا فروخت کرنے یا اس کی تجارت کا یہ پہلا معاملہ نہیں ہے۔ گزشتہ مہینے کی 27 تاریخ کو پولیس نے ریاست آسام کے ناگون اور سونیت پور اضلاع میں دو الگ الگ کارروائیوں میں پانچ افراد کو گرفتار کیا اور نقلی سونے سے تیار کیا گیا عیسیٰ مسیح کا مجسمہ اور بسکٹ بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا اور ان کارروایوں کے دوران پانچ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:Cheating case سرینگر کرائم برانچ نے دھوکہ دہی معاملہ میں دو ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی
واضح رہے کہ گزشتہ روز مضبوط عالمی رجحانات کے بیچ قومی دارالحکومت دہلی میں سونا 440 روپے کی چھلانگ لگا کر 60,820 روپے فی 10 گرام پر پہنچ گیا۔ وہیں جمعرات کو 60،380 روپے فی 10 گرام پر مارکیٹ بند ہوا۔ چاندی بھی 1,050 روپے بڑھ کر 74,350 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔