وادی کشمیر میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جہاں انڈور اسٹیڈیم سرینگر، کشمیر یونیورسٹی زکورہ کیمپس اور این آئی ٹی سرینگر کے علاوہ حج ہاوس کو کووڈ مراکز میں تبدیل کیا گیا ہے۔
وہیں وادی کشمیر کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لئے آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی انتظامیہ کی جانب سے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وادی کشمیر کے 10 اضلاع میں قائم ہسپتالوں میں 18 ہزار لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ جن میں سکمز صورہ اور سکمز بمنہ میں پانچ ہزار چار سو 80، گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے زیر نگرانی کام کرنے والے ہسپتالوں جن میں ایس ایم ایچ ایس، سی ڈی ہسپتال اور کشمیر نرسنگ ہوم شامل ہیں میں چار ہزار پانچ سو 30 لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن پیدا ہوتا ہے۔ وہیں محکمے صحت کے ہسپتالوں میں سات ہزار نو سو لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن پیدا کیا جاتا ہے۔
وادی میں آکسیجن پیدا کرنے کی موجودہ صلاحیت سے مجموعی طور پر تین ہزار دو سو 79 مریضوں کو ایک ہی وقت میں آکسیجن فراہم کیا جا سکتا ہے۔