سرینگر (جموں و کشمیر):جموں کشمیر میں نئے ووٹرز کا اندراج اور جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے شیڈول پر مزید توسیع کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں کشمیر چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے ووٹرز کی فہرست میں نئے اندراج اور جائزے کے لئے کمیشن کو توسیع کرنے کی درخواست کی تھی جس کو منظوری دی گئی ہے۔
پچھلے احکامات کے مطابق یہ عمل 10 مئی کو اختتام ہو رہا تھا تاہم اب یہ 27 مئی کو اختتام پذیر ہوگا یعنی الیکشن کمیشن نے اس میں مزید دس روز کی توسیع کی ہے۔ نئے احکامات کے مطابق ووٹرز اپنی درخواست اور اعتراضات 6 مئی تک داخل کرا سکتے ہیں جو 15 مئی تک نمٹائے جانے ہیں۔ کمیشن کے مطابق جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے حتمی ووٹر فہرست 27 مئی تک شائع کرنا ضروری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چیف الیکٹورل آفیسر نے اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹر فہرست کا گزشتہ برس بھی جائزہ لیا تھا جس میں سات لاکھ نئے ووٹرز درج کئے گئے تھے۔ اس کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشنر نے بھی پنچایتی انتخابات کے لئے ووٹر فہرستوں میں نیا اندراج کا جائزہ لیا تھا۔ تاہم گزشتہ ماہ سے چیف الیکٹورل افسر نے اسمبلی انتخابات کے ووٹر فہرستوں کا دوبارہ جائزہ لینے اور نئے ووٹرز کے اندراج اور جائزے کے احکامات صادر کئے۔