سرینگر (نیوز ڈیسک):چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) راجیو کمار کی سربراہی میں الیکشن کمیشن (کی ٹیم) ممکنہ طور پر اگلے ہفتے جموں و کشمیر کا دورہ کر کے یہاں کی زمینی صورتحال کا جائزہ لے گا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہاں دو سے تین دن کے قیام کے دوران الیکشن کمشنر یو ٹی کے دونوں صوبوں - جموں اور کشمیر - کا دورہ کریں گے۔
الیکشن کمیشن یہاں اپنے دورے کے دوران سبھی 20 ڈپٹی کمشنرز، تسلیم شدہ قومی اور علاقائی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کرے گا۔ کمیشن یہاں دورے کے دوران ڈپٹی کمشنرز، الیکشن کمیشن آفیشلز، سیاسی جماعتوں سمیت دیگر تنظیموں سے الیکشن منعقد کرانے کے حوالہ سے رائے لے گا۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں آخری مرتبہ اسمبلی انتخابات نومبر 2014 میں منعقد ہوئے تھے اور پی ڈی پی - بی جے پی مخلوط حکومت نے مارچ 2015 میں اقتدار سنبھالا اور جولائی 2018 میں بی جے پی نے مخلوط حکومت سے اپنی حمایت واپس لی جس سے حکومت قائم نہ رہی اور یہاں صدر راج نافذ کر دیا گیا۔ بعد ازاں جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات سمیت میونسپل اور بلدیاتی انتخابات منعقد کیے گئے تاہم اسمبلی انتخابات منعقد نہیں کیے گئے۔ اسمبلی انتخابات کے حوالہ سے مرکزی سرکار کا کہنا ہے ’’مناسب وقت پر اسمبلی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔‘‘