سرینگر(جموں و کشمیر): ملک کے دیگر مقامات کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ وادی کشمیر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد، عیدگاہوں، درگاہوں اور خانقاہوں میں عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ اس دوران فرزندان توحید نے وادی کشمیر میں امن وامان، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی، جب کہ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں اس برس بھی عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع کی تمام چھوٹی بڑی مساجد اور عید گاہیں اگرچہ صبح سے ہی وعظ وتبلیغ اور اللہ اکبر کی صداؤں سے گوج رہی تھیں۔ وادی کشمیر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع آثار شریف درگاہ حضرت بل سرینگر میں منعقد ہوا جب کہ جموں صوبے میں سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد تالاب کھٹیکاں میں منعقد ہوا۔ واضح رہے کہ درگاہ حضرت بل میں نماز عیدالفطر صبح ٹھیک ساڑھے 10 بجے ادا کی جائے گی۔ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی معمول کے مطابق نماز عید کے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔