سرینگر (جموں و کشمیر) :وادی کشمیر میں جاری خشک موسم کے بیچ 12 جنوری کو محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ سرما کے رواں سیزن میں نومبر ماہ میں درمیانی درجہ کی بارش اور برفباری ہوئی تھی، تاہم دسمبر سے اب تک موسم مکمل خشک رہا ہے۔ خشک موسم کی وجہ سے سردی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے جبکہ ہر روز صبح کے اوقات میں گھنے کہرے کے سبب لوگوں کو عبور و مرور میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔
کشمیر میں اب تک کے خشک سرما سے لوگ کافی پریشن ہو کچے ہیں، اور لوگوں کا کہنا ہے کہ برفباری اور بارش نہ ہونے سے آنے والے سیزن کی کاشتکاری کے علاوہ ماحول پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ تاہم محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے میر مرحت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں بتایا کہ 12 جنوری سے برفباری اور بارش کا امکان ہے، جس سے خشک موسم سے نجات مل سکتی ہے اور کہرہ بھی غائب ہو جائے گا۔