سری نگر: وادیٔ کشمیر میں موسم بہتر ہونے کے ساتھ ہی زرعی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں اور کسانوں کو اپنے کھیت کھلیانوں میں مختلف کاموں بالخصوص دھان کی پنیری لگانے میں کافی مصروف دیکھا جا رہا ہے۔ بتادیں کہ ماہ گزشتہ کے دوران موسم مسلسل ناساز گار رہنے کی وجہ سے امسال دھان کی پنیری لگانے میں کافی تاخیر ہوئی۔ ادھر محکمۂ موسمیات نے وادی میں 12 جون تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 12 جون تک موسم مجموعی طور خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں بارشوں کے مختصر مرحلے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم اس کے انتہائی کم امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 12 جون تک موسم بڑے پیمانے پر تبدیل ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دریں اثنا موسم میں بہتری کے بیچ شبانہ درجۂ حرارت بھی معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت 14.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجۂ حرارت 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجۂ حرارت 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔