سری نگر:وادی کشمیر میں کئی دنوں کے برف و باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بعد از دوپہر کئی جگہوں پر ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 10 سے 12 مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا اور اس دوران دن کے درجۂ حرارت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 13 سے15 مئی تک بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا ہی امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
محکمے نے باغ مالکوں سے 10 مئی تک باغوں کی دوا پاشی کرنے سے اجتناب کرنے کی تاکید کی ہے۔ ادھر وادی میں ناساز گار موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجۂ حرارت معمول سے نیچے درج ہو رہا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 0.5 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔