سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے اور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی میں دن کے درجہ حرارت میں قدرے اضافہ جبکہ شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ متوقع ہے۔ دریں اثنا گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ Weather Forecast in Kashmir
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت3.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔