سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے بدھ کو سرینگر کی نمائش گاہ میں ایک غیر سرکاری تنظیم ’’سیو کشمیر‘‘ کی جانب سے منعقدہ انسداد منشیات بیداری پروگرام میں شرکت کرکے جموں و کشمیر خاص کر وادی میں منشیات کے بڑھتے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاشرے کے ہر طبقے کو منشات مخالف سرگرمیوں میں شرکت کرکے نئی نسل کو برباد ہونے سے بچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
سیو کشمیر کی جانب سے منعقدہ اس بیداری پروگرام میں جہاں اسکولی بچوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے شرکت کی وہیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اندرابی نے کہا: ’’منشیات کی اس لت کو کشمیر میں ان لوگوں نے متعارف کرایا، جو تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کشمیری نوجوانوں کو پتھر پھینکنے پر مجبور کرتے رہے اور نوجوانوں کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔‘‘