جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ڈاکٹر قیوم حسین کو کلسٹر یونیورسٹا وائس چانسلر مقرر کیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں سکریٹریٹ سے ایک حکمنامہ جاری کیا گیا۔
حکمنامے میں بتایا گیا کہ جموں و کشمیر کلسٹر یونیورسٹی ایکٹ 2016 کے تحت لیفٹیننٹ گورنر جو کہ یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں کی جانب سے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اترپردیش کے شعبہ بائیو کمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر قیوم حسین کو تین سال کے لیے کلسٹر یونیورسٹی سرینگر کا وائس چانسلر مقرر کیا ہے۔
وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے قائم کردہ کمیٹی نے تین نام تجویز کرتے ہوئے چانسلر کو آگاہ کیا تھا تاکہ کسی ایک نام کو چنا جاسکے۔
کلسٹر یونیورسٹی کے وائس چانسلر عہدے کے لیے 53 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جبکہ تقرر کےلیے ایک پینل بھی بنایا گیا تھا۔ تاکہ موصولہ درخواستوں میں سے تین ناموں کو چن کر چانسلر کو بھیج سکے۔ کلسٹر یونیورسٹی کے لئے نئے وائس چانسلر کی تقرری کے سلسلے میں گزشتہ برس نومبر کے مہینے میں ایک نوٹیفیکشن جاری کیا گیا تھا۔
یہ دوسرا موقع تھا جب وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ کمیٹی کی سربراہی وائس چانسلر سنٹرل یونیورسٹی آف گجرات پروفیسر راما شنکر ڈوبے کررہے تھے جبکہ ڈائریکٹر راجیو گاندھی انسٹیٹیوٹ آف پٹرولیم ٹیکنالوجی یوپی، پروفیسر اے ایس کے سنہا اور سنٹر برائے منیجمنٹ اسٹڈیز جامعہ ملیہ اسلامیہ نئ دلی کے ڈاکٹر فرقان قمر کمیٹی کے ارکان میں شامل تھے۔
واضح رہے کلسٹر یونیورسٹی کا اضافی چارج کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت کے پاس تھا۔