سرینگر (جموں کشمیر) :فلسطین پر اسرائل کی جارحیت اور جاری بمباری پر جموں کشمیر میں آج نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر ایم وائی تاریگامی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے اس مسئلہ پر مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’نریندر مودی سرکار کو اس جنگ کے خاتمے کے لئے متحرک ہونا چاہئے۔‘‘
یہ لیڈران جمعہ کو بعد دوپہر سرینگر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کی گپکار رہائش گاہ میں منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ حسنین مسعودی بھی شامل رہے۔ میٹنگ کے بعد فاروق عبداللہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فلسطین پر اسرائیل کی بمباری میں روزانہ معصوم لوگوں کا قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’اسرائیل کی بمباری میں بچوں، خواتین کے قتل کا لحاظ نہیں رکھا جا رہا ہے اور اسرائیل کا فلسطینی عوام کی طرف اس قدر جارحانہ رویہ ہے کہ جیسے فلسطین کے لوگ انسان ہی نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اسرائیل، فلسطین کے معصوم لوگوں کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ عالمی طاقتیں، ادارے اس جنگ کو روکنے میں سنجیدہ نہیں ہیں، جس طرح یوکرین کے خلاف طاقتور ممالک نے روس کے خلاف محاذ شروع کیا ہوا ہے، فلسطین کے مسئلہ میں وہی ممالک خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ’’نریندر مودی سرکار کا اقوام متحدہ میں فلسطین پر لائی گئی قرار داد پر غیر حاضر رہنا افسوس ناک ہے۔‘‘