سرینگر:ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ ہم اپنی تمام ریلیوں اور میٹنگوں میں جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ پٹی میں حالات تشویش ناک ہیں جو بڑے ممالک امن قائم کراسکتے ہیں وہ خود ہی اس جنگ کا حصہ بن گئے ہیں۔موصوف چیئرمین نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم نے، جب سے یہ پارٹی بنی، سینکڑوں میٹنگوں اور ہزاروں ریلیوں سے خطاب کیا ہم ہر جگہ یہاں الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں'۔ان کا کہنا تھا کہ'افسران اچھی طرح سے سرکار چلا سکتے ہیں لیکن ایم ایل اے ہی عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں'۔غلام نبی آزاد نے کہا کہ جب افسران ایم ایل کا کام ہاتھ میں لیں گے تو اس سے سکریٹریٹ کا کام کاج متاثر ہوگا۔
غور طلب ہے کہ جموں وکشمیر میں آخری اسمبلی انتخابات نو برس قبل یعنی 2014 میں ہوئے تھے۔ 19 جون 2018 کو ریاست میں اس وقت صدر راج نافذ کیا گیا جب بی جے پی نے پی ڈی پی کی قیادت والی مخلوط حکومت سے علیحدگی اختیار کی اور اسمبلی میں اکثریت نہ ہونے کی صورت میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا، بعد میں اس وقت کے گورنر سیتہ پال ملک نے اسمبلی کو برخاست کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:جموں و کشمیر میں انتخابات وقت پر ہوں گے، ترون چگ