جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے سابق ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی سمیت پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت بند قریب تین درجن قیدیوں کو سینٹرل جیل سری نگر سے جموں (کوٹ بلوال جیل)منتقل کیا گیا ہے۔
بتادیں کہ ایڈوکیٹ زاہد علی کو سال رواں کے ماہ اپریل کی 11 تاریخ کو سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں سے رہا کیا گیا تھا تاہم بعد میں انہیں 30 جون کو دوبارہ گرفتار کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ موصوف ایڈوکیٹ کو آج صبح کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا: 'آج صبح ایڈوکیٹ زاہد علی کو دیگر کئی قیدیوں سمیت سینٹر جیل سری نگر سے کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا ہے، ابھی ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے، انہیں ماہ اپریل میں رہا کیا گیا تھا لیکن بعد میں جون میں انہیں دوبارہ پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا'۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ موجودہ وبائی صورتحال میں زاہد علی کو جموں منتقل کرنے سے افراد خانہ میں تشویش و خدشات پیدا ہوئے ہیں۔