امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے 2020 کے صدارتی انتخابات کے انتخابی نتائج کی پیش گوئی کرتے ہوئے ایک متنازع نقشہ ٹویٹر پر شیئر کیا جس میں جموں و کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھایا گیا ہے۔
ریاستہائے متحدہ امریکہ میں انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے انہوں نے 'سرخ لہر' کی پیش گوئی کی اور ایک نقشہ شیئر کیا جس میں دنیا کے اکثر حصے کو لال رنگ سے بھرا ہوا دکھایا گیا ہے۔ اس نقشے میں پاکستان بھی لال رنگ سے بھرا ہوا دکھایا گیا ہے جبکہ بھارت کو نیلے رنگ میں دکھایا گیا ہے جس کا مطلب پاکستان ریپبلکن پارٹی کا حمایتی ہے اور بھارت ڈیموکریٹس کا۔
اس نقشے سے تنازع شروع ہوا ہے اور سوشل میڈیا پر اس کو خوب شیئر کیا جا رہا ہے کیونکہ اس نقشے میں جموں و کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھایا گیا ہے۔