سرینگر (جموں و کشمیر) :ڈاکٹرس ایسوسی ایشن، کشمیر، (ڈاک) نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’لوگوں میں ادویات سے متعلق بیداری کرنے کی ضرورت ہے خاص کر ادویات کی قیمت، برانڈ، اس کے اثرات اور اس سے جڑے دیگر معاملات پو لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے مہم چلائی جانی چاہئے۔‘‘ ایسوسیی ایشن نے کہا کہ ’’ہمیں لوگوں میں اس حقیقت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہےکہ جنرل ادویات طاقت، معیار، افادیت اور حفاظت کے لحاظ سے برانڈڈ ادویات کے برابر ہیں اور ان کی قیمت برانڈ ادویات کے مقابلے میں 80 سے90 فیصد کم ہے۔کیونکہ مینوفیکچررز کو دوائیوں کی تشہیر اور ان کے فروغ کی خاطر رقم خرچ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
ڈاکٹرس ایسوسی کے صدر نثار الحسن نے کہا کہ منفی تاثر پیدا کیا گیا ہے کہ چونکہ عام ادویات سستی ہیں اس لئے وہ کم موثر ہوں گی۔ اس کے نتیجے میں لوگ صرف مہنگی برانڈ کی ادویات خریدتے ہیں۔ جس کی وجہ سے عوام کو صحت کی دیکھ بھال کے لیے بھاری اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں۔ انہوں نے اس حوالہ سے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عام (غیر برانڈِڈ) ادویات کے بارے میں لوگوں کا تاثر تبدیل ہو اور لوگوں کے ذہنوں میں نقش ہوئی غلط فہمیوں اور شکوک و شبہات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔