سرینگر (جموں و کشمیر) :وادی کشمیر میں پھیپھڑوں کے کینسر کے معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ آلودگی ہے۔ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، کشمیر، (ڈاک) کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے کہا کہ ’’نہ صرف سگریٹ اور تمباکو نوشی کرنے والے افراد پھیپڑوں کی بیماریوں میں مبتلا ہیں بلکہ تمباکو نوشی نہ کرنے والے بھی اب اس مہلک بیماری سے جوجھ رہے ہیں۔‘‘
پھیپھڑوں کے کینسر کے عالمی دن کے موقع پر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ زہریلی ہوا کی وجہ سے ان لوگوں میں پھیپھڑوں کے کینسر کے معاملات بڑھ رہے ہیں۔ ایسے میں وہ افراد بھی اس بیماری سے متاثر ہو رہے ہیں جنہوں نے کبھی سگریٹ نوشی نہیں کی ہے۔ ڈاکٹر نثار الحسن کا مزید کہنا ہے کہ ’’شواہد اور تحقیق سے معلوم ہو رہا ہے کہ آلودگی پھیپھڑوں کے کینسر کے بڑھتے ہوئے خطرات کی اہم وجہ ہے جو کہ کشمیر میں نمایاں ہے۔‘‘