ڈاکٹرز ایسوسی ایشن آف کشمیر کے صدر کو لکھے گئے ایک خط میں ڈاکٹر بھٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پی پی ای دستیاب نہ ہونے کے باوجود بھی وہ ہسپتال کے کورونا وارڈ میں اپنے آپ کو خطرے میں ڈال کر پیشہ ورانہ فرائض انجام دیتے آ رہے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ ’’لگاتار گزارش اور عرضیاں دینے کے باوجود بھی انتظامیہ ڈاکٹروں کو ضروری پی پی ای کِٹس فراہم نہیں کر رہی۔ رواں مہینے کی 17 تاریخ کو جب میں اپنا کام ختم کر کے اسٹاک انجارج کے پاس پی پی ای کِٹ مانگنے گیا تو انہوں نے تلخ لہجے میں بات کی جس کے بعد ہم دونوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔‘‘
ڈاکٹر آصف نے خط میں مزید لکھا تھا کہ اسٹاک انچارج کے ساتھ ہوئی بحث کے بعد اُن کو لگاتار ڈرایا اور دھمکایا جانے لگا ’’مجھے دھمکی دی جا رہی تھی کی مجھے میرے اہل خانہ سمیت جیل بھیج دیا جائے گا اور نوکری سے بھی نکال دیا جائے گا۔ اور بعد ازاں20 اپریل کو مجھے نوکری سے نکال دیا گیا۔‘‘