سرینگر (جموں و کشمیر) :کشمیر کے صوبائی کمشنر وجے کمار بدھوری نے کہا کہ گجرات کے ٹھگ کرن پٹیل کے معاملے میں انکوائری وقت پر مکمل ہوگی، تاہم اس انکوائری رپوٹ کی تفصیل عوام کے سامنے پیش کرنے سے انہوں نے معذرت کی۔ وجے کمار بدھوری نے بتایا کہ انتظامیہ کی ہدایت پر انکوائری وقت پر مکمل کرنی ہے۔ غور طلب ہے کہ جموں کشمیر کے انتظامیہ نے وجے کمار بدھوری کو کرن پٹیل معاملے میں انکوائری آفیسر تعینات کیا تھا۔ محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری راجیو کمار گوئل نے ڈویژنل کمشنر کشمیر، وجے کمار بدھوری، کو ہدایت دی تھی کہ اس معاملے میں افسران کی جانب سے ہوئی غلطیوں پر ایک ہفتے میں مفصل رپورٹ پیش کی جائے۔
واضح رہے کہ گجراتی ٹھگ کرن پٹیل نے جموں کشمیر انتظامیہ کے سیکورٹی اور سول افسران کو یہ جھانسہ دے کر کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتر میں ایڈیشنل ڈائریکٹر (سٹریٹیجی و کمپین) کے طور پر تعینات ہے، یہاں سرکاری پروٹوکول کے تحت سیرو تفریح کی اور کئی افسران سے میٹنگ بھی کی۔ کرن پٹیل کی جعلسازی کا پردہ فاش ہوتے ہی جموں کشمیر پولیس نے اس کو 3 مارچ کو سرینگر سے گرفتار کر لیا تھا۔ اس ٹھگ کی تحویل گجرات پولیس نے لی ہے کیونکہ گجرات میں بھی اس کے خلاف جعلسازی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔