سرینگر (جموں کشمیر) :ملک کی دیگر ریاستوں اور یوٹیز سمیت جموں وکشمیر میں ذیابیطس پر کی گئی تحقیق میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں 11.4 فیصد لوگ شوگر بیماری سے متاثر ہیں جبکہ 15.3 فیصد لوگ اس بیماری سے متاثر ہونے کے قریب ہے۔ جموں وکشمیر میں تحقیق سے جڑے ماہرین کا کہنا ہے کہ یوٹی میں ذیابیطس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 11.4 فیصد سے زیادہ ہے لیکن حتمی نتائج اگلے سال 2024 میں سامنے آئیں گے۔
ماہرین کے مطابق ملک میں شوگر میں مبتلا مریضوں کی صحیح تعداد کا پتہ لگانے کے لیے سال 2007 سے جاری تحقیق سے دوسرے مرحلے میں پورے ملک میں ایک لاکھ 19 ہزار 2 افراد پر سروے کیا گیا ہے۔ جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارت میں11.4 فیصد مریض ذیابیطس بیماری میں مبتلا ہیں۔ لیکن جموں وکشمیر میں شوگر کی شرح ملکی سطح کے اعداد وشمار سے کچھ زیادہ لگ رہی ہے۔