سرینگر:کشمیر میں کووڈ 19 کے معاملات میں تازہ اضافہ کے درمیان، ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر نے وادی کے تمام چیف میڈیکل آفیسرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ کووڈ-19 کی ٹیسٹنگ میں اضافہ کریں۔ڈی ایچ ایس نے اس کے علاوہ تمام صحت اداروں میں فلو کلینک قائم کرنے کی ہدایت دی۔ڈی ایچ ایس نے کہا کہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی شرح میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ میں کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ روز 19 افراد کی رپورٹ کووڈ مثبت آئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں اتوار کے روز 19افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں صوبے میں ایک جبکہ کشمیر ڈویژن سے 18 افراد کی رپورٹ مثبت آئی۔دریں اثنا ڈاکٹروں نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ کووڈ کیسوں میں اچھال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے یونین ٹریٹری میں یومیہ کیسز میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر لوگوں کو بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔