اردو

urdu

ETV Bharat / state

'کشمیر کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کی کوشش جاری' - شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم

لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کے مشیر فاروق خان نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ جموں وکشمیر کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کی کوششوں میں جٹی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ لوگوں کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اہم کردار ادا کررہی ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کے مشیر فاروق خان
لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کے مشیر فاروق خان

By

Published : Jan 27, 2020, 2:17 PM IST

Updated : Feb 28, 2020, 3:32 AM IST

فاروق خان نے ان باتوں کا اظہار اتوار کے روز یہاں 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ صوبائی سطح کی پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا: 'یو ٹی انتظامیہ کی یہ بھرپور کوشش جاری ہے کہ جموں وکشمیر ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے میں کامیاب ہوجائے۔ یوٹی انتظامیہ نے نہ صرف نئے پروجیکٹ ہاتھ میں لئے ہیں بلکہ التوا میں پڑے پروجیکٹوں کو بھی آگے بڑھانے کا عمل شروع کیا ہے'۔

انہوں نے کہا: 'جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ عزت مآب لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی والی انتظامیہ جموں وکشمیر کی یوٹی میں لوگوں کے لئے ہر طرح کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک اہم رول ادا کررہی ہے اور ایک نئی راہ پر گامزن ہے'۔

فاروق خان نے کہا کہ وادی کشمیر کو بیرون دنیا سے جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ کو آمدورفت کے قابل بنانے کے لئے بہت جلد خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا: 'جغرافیائی حالات کی وجہ سے سڑک رابطے بہتر بنانے کے لئے انتظامیہ کو ایک چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان چیلنجوں کے باوصف کوشش یہی ہے کہ تمام علاقوں کو بہتر سڑک رابطے فراہم کئے جائے۔ زیادہ مشکل حالات جموں کو سری نگر سے ملانے والی قومی شاہراہ پر دیکھے جاتے ہیں۔ اس شاہراہ کو بہتر بنانے کے لئے بہت جلد خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے'۔


لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر نے مرکزی وزرا کے حالیہ دورہ جموں وکشمیر پر کہا کہ یوٹی کا دورہ کرنے والے وزرا نے نہ صرف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا بلکہ لوگوں کے ساتھ بھی رابطہ قائم کیا۔
ان کا کہنا تھا: 'حال ہی میں مرکزی حکومت نے عوام کے ساتھ رابطہ مضبوط کرنے کے لئے ایک تازہ پہل کی۔ جیسا کہ آپ سب لوگوں نے دیکھا۔ قریب 36 مرکزی وزرا کو جموں وکشمیر کے دورے پر بھیجا گیا۔ ان وزرا نے نہ صرف ترقی کے کاموں کا جائزہ لیا بلکہ لوگوں کے ساتھ بھی بہت اچھا رابطہ قائم کیا'۔


فاروق خان نے سول و سیکورٹی مشینری سے وابستہ اہلکاروں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا: 'میں ان لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے مشکل صورتحال کے دوران تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کرتے ہوئے لوگوں کی نہ صرف مدد کی بلکہ امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے ایک کلیدی کردار ادا کیا'۔


انہوں نے مزید کہا: 'میں امید کرتا ہوں کہ جموں و کشمیر یوٹی کا ہر فرد جموں وکشمیر کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اور اس ملک کو ایک پرامن جگہ بنانے کے لئے اپنا رول خوش اسلوبی سے نبھائیں گے'۔

Last Updated : Feb 28, 2020, 3:32 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details