اردو

urdu

ETV Bharat / state

ڈومیسائل حاصل کرنے والے پہلے غیرمقامی باشندے کی ہلاکت - سرائی بالا علاقہ

ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے کچھ ہی ہفتوں بعد، نشچل کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے سرائی بالا علاقہ میں اپنی دکان کے پاس گولی مار دی۔

Satpal Nishchal
ستپال نشچل

By

Published : Jan 2, 2021, 6:33 PM IST

پنجاب کے رہائشی نشچل سنگھ، قریب چار دہائی سے کشمیر میں مقیم تھےاور انہیں جمعہ کی رات کو بندوق برداروں نے گولیاں چلا کر ہلاک کر دیا۔ وہ بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے ان افراد میں شامل تھے جنہوں نے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ایک دکان اور گھر بھی خریدا تھا۔

ستپال نشچل

تقریبا چار دہائیوں سے ستپال نشچل سری نگر شہر کے وسط میں زیورات کی دکان چلا رہے تھے۔ جمعرات کی شام کو 70 سالہ نشچل ڈومیسائل قانون کے تحت سند حاصل کرنے پر بظاہر کشمیر میں ہلاک ہونے والے پہلے شخص بن گئے۔

ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے کچھ ہی ہفتوں بعد، نشچل کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے سرائی بالا علاقہ میں اپنی دکان کے پاس گولی مار دی تھی، اور اسے قریب ہی کے ایس ایم ایچ ایس لایا گیا تھا، جہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔

جوں ہی ان کی لاش ان کے گھر اندرا نگر پہنچائی گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گیا۔ نشچل کے اہلخانہ میں ان کی اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔

حال ہی میں قائم کی گئی عسکری تنظیم ٹی آر ایف نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ ایسے تمام 'بیرونی افراد' جنہیں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ مل چکے ہیں 'آر ایس ایس ایجنٹ' ہیں۔

انہوں نے انہیں متنبہ کیا اور کہا کہ: 'ہمیں آپ کے نام معلوم ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ آپ کہاں رہتے ہیں۔ اور ہم جانتے ہیں کہ آپ کیا کرتے ہیں اور ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے۔'

یہ بھی پڑھیں: عسکریت پسند تنظیم 'ٹی آر ایف' نے سنار کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی

آئی جی پی کشمیر، وجے کمار نے بعد میں میڈیا کو بتایا 'ہم دونوں پہلوؤں، یعنی کاروباری دشمنی اور عسکریت پسندوں کے دعوؤں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔'

پولیس کی جانب سے اگرچہ اس سلسلہ میں باضابطہ طور پر کوئی بیان نہیں آیا ہے لیکن اس پیش رفت کے بعد خدشات نے جنم لیا ہے۔

بیرون ریاست کے باشندے ڈومیسائل تو حاصل کر سکتے ہیں لیکن وہ یہاں کتنا محفوظ رہیں گے یہ سیکیورٹی ایجنسیوں کے لئے سب سے بڑا سوال بن گیا ہے۔

جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے سے پہلے صرف ریاست کے باشندے ہی یہاں کے رہائشی اور زمین اور دیگر غیر منقولہ جائیداد خرید سکتے ہیں۔ نشچل اصل میں پنجاب کے گورداس پور سے تعلق رکھتے تھے۔ انہوں نے ڈومیسائل حاصل کرنے کے لئے درخواست دی تھی اور انہیں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ مل گیا تھا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details