سرینگر:ضلع ترقیاتی کمشنر، سرینگر، محمد اعجاز اسد نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ ’’جموں وکشمیر کے لیفٹنینٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت کےمطابق انسداد تجاوزات مہم کے دوران غریب لوگوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔‘‘ ڈی سی سرینگر نے لال چوک میں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ان باتوں کا اظہار کیا۔
ڈی سی سرینگر نے کہا کہ وہ ایل جی منوج سنہا کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں اور یہ واضح کیا کہ ’’انتظامیہ غریب عوام کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گی۔‘‘ شہر سرینگر میں جاری ترقیاتی پروجیکٹس کے کام کاج میں سرعت لائے جانے کی عوامی مانگ پر انہوں نے کہا کہ ’’آنے والے دنوں میں کام میں تیزی لائی جائے گی کیونکہ موسمی حالات میں بہتری کے پیش نظر اب دو شفٹس میں کام ہوگا۔ ایسے میں کام مقررہ وقت پر مکمل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔‘‘
سرینگر میں سرکاری اراضی کے حوالہ سے تجاوزات کی جعلی فہرست پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر، سرینگر، محمد اعجاز اسد نے کہا کہ اس طرح کی دو فہرست اب تک رپورٹ ہو چکی ہیں، جن کا مقصد لوگوں میں خوف وہراس پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی فہرست کے حوالہ سے سائبر پولیس نے بھی اس کا نوٹس لیا ہے اور جو لوگ اس جعلی فہرست کی تشہیر میں ملوث پائے جائیں گے ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔