اردو

urdu

By

Published : Jun 16, 2023, 12:09 PM IST

ETV Bharat / state

Darakhshan Andrabi on KPC: پریس کلب معاملے پر جلد انتظامیہ سے بات کریں گے، درخشاں اندرابی

گذشتہ برس جنوری میں سرینگر پریس کلب کو ایک مقامی صحافی نے سخت سکیورٹی حصار کے بیچ اپنی تحویل میں لے لیا اور اس کے چند روز بعد ہی انتظامیہ نے پریس کلب کو سیل کر دیا۔

KPC
KPC

سرینگر:جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن اور بی جے پی کی سینئر لیڈر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ ’’سرینگر میں بھی پریس کلب فعال ہونا ضروری ہے‘‘ اور وہ سرینگر میں بند کیے گئے پریس کلب کو بحال کرنے کے معاملے کے تعلق سے آئندہ دنوں لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی انتظامیہ سے بات کریں گی۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ ’’سرینگر میں پریس کلب کا ہونا بے حد ضروری ہے کیوں کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور صحافیوں کے لیے ایک ایسی جگہ ہونی ناگزیر ہے جہاں وہ بیٹھ کر اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دے سکیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’آئندہ دنوں ہم ایل جی منوج سنہا انتظامیہ سے بھی بات کرنے کی کوشش کریں گے تاہم اس کے لئے کچھ وقت لگ سکتا ہے اور امید ہے کہ اس سلسلے میں مثبت فیصلہ لیا جائے گا اور پریس کلب پھر سے صحافی برادری کے لیے فراہم کیا جائے گا۔‘‘

مزید پڑھیں:Amid Heavy Deployment, ‘Interim Prez’ Took Over KPC: سخت سیکورٹی حصار میں ایوان صحافت پر قبضہ

واضح رہے کہ گزشتہ برس 15جنوری کو ڈرامائی انداز اور سخت سیکورٹی حصار کے بیچ سینئر صحافی محمد سلیم پنڈت نے اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ ایوان صحافت(کشمیر پریس کلب) کی انتظامیہ اپنی تحویل میں لے لی۔ پنڈت نے بحیثیت ’عبوری صدر‘ کشمیر پریس کلب کی انتظامیہ تشکیل دیتے ہوئے ذو الفقار ماجد کو جنرل سیکریٹری جبکہ ارشد رسول کو خزانچی مقرر کیا۔ تاہم چند روز بعد ہی انتظامیہ کی جانب سے پریس کلب کو سیل کر دیا گیا۔ کشمیر پریس کلب کو سیل کیے جانے کے بعد کئی سرکردہ شخصیات اور اداروں نے بھی اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے جموں و کشمیر انتظامیہ سے فوری طور پریس کلب بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم ایک سال سے بھی زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی ابھی تک پریس کلب کو بحال نہیں کیا گیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details