سرینگر:سرینگر میں معنقد ہونے والے جی 20 سربراہ اجلاس کے لیے مختلف محکمے تیاریوں میں جٹے ہوئے ہیں۔ وہیں کئی محکموں نے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دی یے۔ جی 20 اجلاس ایس کے آئی سی سی میں منعقد ہونے والا ہے۔ جہاں اس وقت تجدید و مرمت کا کام انجام دیا جا رہا ہے۔ وہیں 20 ممالک کے مندوبین کا شہر آفاق گلمرگ اور جھیل ڈل کی سیر کا بھی پروگرام ہے۔
ایسے میں محکمے لیک کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی جھیل ڈل کو جاذب نظر بنانے کے لیے صفائی ستھرائی عمل میں لارہا ہے۔ ڈل کے ایک بڑے حصے کو پہلے ہی صاف کیا گیا ہے اور دوسرے حصے پر صفائی ستھرائی کا کام شدومد سے جاری ہے۔ جی 20 کے حوالے سے ایل سی ایم اے کی تیاریوں سے متعلق ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین نے لیک کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ڈاکٹر بشیر احمد بٹ کے ساتھ خصوصی گفتگو کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہ کہا آئندہ ہونے والی جی 20 اجلاس سے متعلق تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ جھیل ڈل کو خود رو گھاس پھوس اور لیلی سے پاک اور صفائی کے لیے اس وقت کئی مقامات پر بڑی افرادی قوت کے ساتھ مشنیری کو بھی کام پر لگایا گیا ہے تاکہ جھیل ڈل کو جاذب نظر بنایا جاسکے۔ وی سی نے کہا کہ محکمے کی جانب سے اگرچہ جھیل ڈل میں سال بھر صفائی ستھرائی کا کام انجام دیا جاتا رہا ہے۔ لیکن جی 20 سربراہ اجلاس کے لیے جھیل کے کئی اہم مقامات کی صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر بشیر احمد نے کہا کہ اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ آنے والے مندوبین جھیل ڈل کے کس حصے کی سیر کریں گے۔ البتہ ہماری کوشش یہ ہے کہ اسے ہر طرف سے جاذب نظر بنایا جائے۔ تاکہ بین الاقوامی سطح پر ایک مثبت پیغام جائے۔ ایسے میں یہاں کے سیاحتی شعبے کو مزید فروغ حاصل ہوگا اور عین ممکن ہے اس سے غیر ملکی سیاحوں کی خاصی تعداد بھی کشمیر کا رخ کر سکتی ہے۔