ملک کی 12 ریاستوں میں عالمی وبا کورونا وائرس ’ڈیلٹا‘ اور ’’ڈیلٹا پلس‘‘ ویریئنٹ کی شکل اختیار کئے جانے کے ساتھ ہی ڈاکٹرس ایسوسی ایشن (کشمیر) نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ وادی میں نئے قسم کے اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر پہلے ہی خاطر خواہ انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ اس کا پھیلاؤ زیادہ بھیانک اور مہلک ثابت نہ ہو۔
ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا کہ وائرس نئی شکل میں سرگرم ہے اور یہ ممکنہ طور پر وادی میں بھی داخل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چہ وادی میں ابھی تک ڈیلٹا یا ڈیلٹا پلس کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا لیکن ’’ہم نے ماضی میں دیکھا ہے کہ ایک ریاست میں وائرس کے چند ہی معاملات ہفتوں میں پورے ملک میں کس طرح تیزی سے پھیل کر بھیانک شکل اختیار کر گئے۔‘‘