سرینگر:وائلڈ لائف محکمے نے کشمیری ہانگل کے میٹنگ سیزن( ریٹنگ سیزن) کے آغاز کے پیش نظر داچھی گام نیشنل پارک کو سیلانیوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارک میں سیلانیوں کے داخلے کی اجازت تمام آن لائن/آف لائن خدمات 25 ستمبر سے 18 اکتوبر تک روک دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق چونکہ یہ مرحلہ (رٹنگ سیزن) ہانگل کے لیے بہت حساس اور اہم ہے، اس لیے ہانگل کو کسی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔واضح رہے کہ کشمیر میں خزاں کے موسم میں مختلف قسم کے پرندے اور جانور اپنی افزائش نسل شروع کرتے ہیں، جن میں سے کشمیری ہانگل ایک ہے۔میٹنگ سیزن سے کچھ ہفتے پہلے، نر اور مادہ ہنگل کے درمیان بڑھتا ہوا تعامل واضح طور پر نظر آتا ہے۔
اس حوالے سے ای ٹی وی بھارت سے فون پر بات کرتے ہوئے محکمے وائلڈ لائف کے ایک سینیئر افسر نے بتایا کہ "ہانگل انتہائی حساس جانور ہے۔ ملن کے دوران اس کو کسی بھی قسم کی خلل پسند نہیں۔ اسی لیے انتظامیہ نے نیشنل پارک کو رواں مہینے (ستمبر) کی 25 تاریخ سے آئندہ ماہ (اکتوبر) کی 18 تاریخ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔" اُن کا مزید کہنا تھا کہ "اس دوران پارک میں داخلے کے لیے آن لائن اور آف لائن دونوں طرح کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد انسانوں کو ہانگل کی آبادی سے دور رکھنا ہے کیونکہ یہ وقت اس جانور کی آبادی کے اعتبار سے کافی خاص ہوتا ہے۔"