نئی دہلی:وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں کہا کہ امثال جموں و کشمیر میں سی آر پی ایف نے 948 ولیج ڈیفنس گروپس کو تربیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف نے راجوری پولیس کے تعاون سے 948 وی ڈی جی گروپس کو ضروری تربیت دی ہے۔ بتادیں کہ جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کے ڈانگری علاقہ میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے فائرنگ کر کے سات عام شہریوں کو ہلاک کیا تھا۔ اس حملے کے بعد مرکزی حکومت نے ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کو پھر سے بحال کر دیا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کہا کہ جموں و کشمیر میں وی ڈی جی کی منظور شدہ تعداد 4 ہزار 985 ہے،جس میں سے 4 ہزار 153 وی ڈی جی تشکیل دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2022 کے آڈر کے مطابق ایک ولیج ڈیفنس گروپ میں 15 سے زیادہ ممبر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ حصاص والے علاقوں میں وی ڈی سی ممبر کو ماہانہ 4 ہزار 500 جبکہ وہ افراد جو رضاکارانہ بنیادوں کے طور پر وی ڈی جی کے ممبر بنے انہیں چار ہزار روپے بطور ماہانہ تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔