نئی دہلی: سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے مستقبل میں کوکرناگ جیسے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے سیکورٹی فورسز کی مدد کی خاطر کشمیر میں 100 خصوصی تربیت یافتہ کوبرا کمانڈوز کو تعینات کیا ہے۔ سی آر پی ایف کے ایک سینیئر اہلکار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کوبرا کمانڈوز عسکریت پسندانہ حملوںبالخصوص وادی کے پہاڑی اور گھنے جنگلاتی علاقوں میں ہونے والے ممکنہ حملوں کو روکنے میں سیکورٹی فورسز کی مدد کریں گے۔ اہلکار نے مزید کہا کہ "کوبرا کمانڈوز دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی مدد کریں گے، اگر ضروری ہوا تو کوبرا کمانڈوز بھی عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کریں گے‘‘۔
پاکستان میں مقیم دہشت گردوں کی جانب سے کشمیر میں سیکیورٹی فورسز پر جنگلاتی علاقوں سے حملہ کرنے کی حکمت عملی میں تبدیلی کے بعد حکومت نے کوبرا کمانڈوز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی آر پی ایف کی کوبرا بٹالین کو خصوصا جنگل اور گوریلا جنگ کی تربیت دی جاتی ہے۔ کوبرا بٹالین کا زیادہ تر نکسلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ کے گھنے جنگل سے اس ماہ کے شروع میں لشکر طیبہ کے عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں ایک کرنل اور فوج کے ایک میجر سمیت چار سیکورٹی اہلکار اور جموں و کشمیر کے ایک ڈی ایس پی کی ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔