سرینگر (جموں و کشمیر):سرینگر کے مضافاتی علاقہ نوگام میں 19 ستمبر کو ایک خاتون سے طلائی چین چھیننے کی کوشش کرنے والے نوجوان کو سرینگر پولیس نے ہفتہ کے روز گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔ سرینگر پولیس کے ترجمان کے مطابق چین چھیننے کی کوشش کرنے کے فوری بعد تفتیشی افسر (ایس آئی) عاقب ڈار نے تفتیش شروع کر دی اور ہفتہ کے روز انہوں نے ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی۔
سرینگر پولیس نے حراست میں لیے گئے ملزم کی شناخت وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے اچھکوٹ علاقے سے تعلق رکھنے والے رئیس احمد ڈگرو کے طور پر کی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق ’’ملزم نے اپنا جرم قبول بھی کر لیا ہے اور اس اس جرم میں استعمال میں لائی جانے والی ایک اسکوٹی کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ضبط کی گئی اسکوٹی کا استعمال چین چھیننے کی کوشش کے دوران کیا گیا تھا۔‘‘