سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر پولیس نے منگل کے روز سرینگر شہر میں چوری کے الزام میں ایک خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سرینگر پولیس کے ایک سینئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’چند روز قبل نگیں پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کی گئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ رات کے اوقات کے دوران کسی نے ایک میڈیکل شاپ سے 30,000 روپے نقد اڑا لئے۔ تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد سرینگر پولیس نے معاملہ تعذیرات ہند کی دفعہ 457 (قید کے قابل جرم کا ارتکاب کرنے کے لئے رات کو گھر میں گھسنا) اور 380 (رہائشی گھر میں چوری) کے تحت نگیں تھانے میں ایف آئی آر زیر نمبر 110/2023 درج کر کے تحقیقات شروع کی۔
پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ ’’آج پولیس کو اس معاملے کے حوالے سے اہم سراغ ملا اور ملزم گلزار احمد ڈار ساکنہ تیل بل کو گرفتار کر کے اس کے پاس سے مسروقہ رقم (30,000 روپے نقد) بھی بر آمد کر لی گئی ہے۔‘‘ علاوہ ازیں ایک اور معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس افسر نے کہا کہ نگیں پولیس اسٹیشن کو ایک خاتون کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی جس میں شکایت کنندہ نے درگاہ حضرت بل میں ایک خاتون کی جانب سے اس کا طلائی کڑہ چھیننے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں تعذیرات ہند کی دفعہ 379 (چوری) کے تحت فوری طور پر ایف آئی آر زیر نمبر 124/2023 درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔