سرینگر:جموں کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں پولیس نے ایک نوجوان - زبیر احمد بٹ - کو گرفتار کیا جس نے شہر میں ہی ایک نوجوان پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر خاص کے راجوری کدل علاقے کے رہائشی زبیر احمد بٹ نے اسی علاقے میں رہائش پذیر ایک نوجوان پر چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس نے مذکورہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اس پر ایف آر نمبر 27/2023 کے تحت 307، 323 اور 341 مقدمات درج کر دئے ہیں۔ زخمی کئے گئے نوجوان نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنی گھر کے نزدیک ایک پبلک پارک میں بیٹھے دوستوں کا انتظار کر رہا تھا کہ اچانک ایک نوجوان (ملزم) پارک میں آیا اور اس پر اچانک چاقو سے حملے کرکے اسے زخمی کر دیا۔
زخمی ہوئے نوجوان نے بتایا کہ وہ حملہ آور کو اس سے قبل نہیں جانتا تھا اور نہ ہی اس کے ساتھ اس کا کوئی لین دین یا معاملہ ہے۔ تاہم پولیس نے ابھی تک اس معاملے کی تفصیل نہیں بتائی ہے۔ البتہ زخمی ہوئے نوجوان کہ حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور اس علاقے میں سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد جمع کرکے قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔