سرینگر (جموں و کشمیر) :پولیس نے سرینگر کے راج باغ علاقے کے ایک ہوٹل میں مبینہ طور ہنگامہ کرنے اور دو غیر ملکی خاتون سیاحوں کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے الزام میں 4 نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار کیے گئے سبھی نوجوان سرینگر شہر کے رہائشی ہیں۔ سرینگر پولیس نے ٹویٹ کے ذریعے اس کی اطلاع دی، پولیس نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر حراست میں لیے گئے چاروں نوجوانوں کی فوٹو بھی شیئر کی ہے۔ تاہم پولیس نے خاتون سیاحوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
سرینگر پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں گرفتار کیے گئے نوجوانوں کی شناخت عمر معراج حکیم، عاشق احمد، عبید گلزار ساکنان چھتہ بل، سرینگر اور عبید بلال بانڈے ساکنہ کرن نگر کے طور پر ظاہر کی ہے۔ سرینگر پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن راج باغ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر FIR 34/2023درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔