ٹاڈا کورٹ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے ضمانت کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وحید پرہ کا معاملہ زیر تحقیقات ہے اور چونکہ وحید پرہ ایک اثر و رسوخ رکھنے والے سیاسی رہنما ہیں، وہ تحقیقات کے دوران اپنا اثر و رسوخ استعمال کر سکتے ہیں۔
پی ڈی پی لیڈر وحید پرہ کی ضمانت عرضی مسترد - ضمانت کی عرضی مسترد
جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کی ایک عدالت نے پی ڈی پی کے نظر بند رہنما وحید الرحمان پرہ کی ضمانت کی عرضی آج مسترد کر دی۔
![پی ڈی پی لیڈر وحید پرہ کی ضمانت عرضی مسترد پی ڈی پی لیڈر وحید پرہ کی ضمانت عرضی مسترد](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/768-512-10749703-633-10749703-1614093656565.jpg)
وحید پرہ کے وکیل نوید پرہ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ عدالت نے اسی وجہ پر ان کے کلائنٹ کی ضمانت کی عرضی مسترد کی۔ وحید الرحمان پرہ گذشتہ ایک ماہ سے سرینگر کے سینٹرل جیل میں قید ہیں۔
پولیس نے ان پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ وہ سابق پولیس افسر دیویندر سنگھ سمیت عسکریت پسند کمانڈر نوید بابو کے ساتھ عسکریت پسندی کو فروغ دے رہے تھے۔ انہیں گذشتہ برس ماہ نومبر میں این آئی اے نے اسی الزام میں گرفتار کیا تھا اور ایک ماہ کے قریب جموں کے امپھالہ جیل میں قید کیا تھا۔
تاہم انہیں دسمبر میں این آئی اے عدالت نے ضمانت دی تھی لیکن پولیس کی کاونٹر انٹیلیجنس کشمیر (سی آئی کے) نے انہیں عسکریت پسندوں کی حمایت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور سرینگر منتقل کر کے انہیں سینٹرل جیل میں قید کیا ہے۔
تاہم وحید پرہ کے وکیل نوید پرہ کا کہنا ہے کہ وہ ان کے کلائنٹ پر عائد کیے گئے الزام کو مسترد کرتے ہیں اور عدالت سے رجوع کر کے ان کی رہائی کی عرضی داخل کی ہے۔