کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ وہیں فضائی پروازوں پر بندش کی وجہ سے سینکٹروں کشمیری مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں اور وہ اپنا روز گار بھی کھو دیے ہیں۔ یہ افراد کافی پریشان ہیں اور وہاں سے وطن واپسی کے منتظر ہیں۔
دبئی میں پھنسے ایک کشمیری نوجوان نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے گھر جانے سے قاصر ہوں۔تاہم حکومت سے مطالبہ ہے کہ جلد از جلد دبئی سے سرینگر کے لیے خصوصی فلائٹ کا نظم کیا جائے۔
انہوں نے صحافیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ان کی بات حکومت تک پہنچانے میں تعاون کریں۔
سرینگر سے تعلق رکھنے والے مونس اشرف نامی نوجوان دبئی میں ایک نجی کمپنی میں ملازم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے انہیں حالات کے معمول پر آنے تک بغیر اجرت چھٹی کرنے کا حکم دیا گیا۔ تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ اور حکومت ان کے لیے ڈائرکٹ فلائٹ کا نظم کرے۔