اردو

urdu

ETV Bharat / state

'نئے سیاحتی مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کی کوششیں جاری' - نئے سیاحتی مقامات

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ سرینگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیاء کا سب سے بڑا باغ گل لالہ وادی کے قدرتی مناظر کی رونق مزید دوبالا کرتا ہے۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان

By

Published : Mar 25, 2021, 9:27 PM IST

بصیر احمد خان نے کہا کہ اس باغ کی سیر مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس باغ کی خوبصورتی کو مزید بڑھانے کے لئے انتظامیہ نے دس کروڑ روپے کے لاگت کے ایک نئے پروجیکٹ پر کام شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باغ گل لالہ میں 3 اپریل سے چھ روزہ ٹیولپ فیسٹول کا اہتمام کیا جائے گا جس میں جموں وکشمیر کی ثقافت، دستکاری، فلوریکلچر وغیرہ کی نمائش کی جائے گی۔

موصوف مشیر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع باغ گل لالہ کو سیاحوں و مقامی لوگوں کے لئے کھولنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا: 'جموں و کشمیر قدرتی مناظر کے لئے دنیا بھر میں مشہور ہے اور باغ گل لالہ اس کی خوبصورتی کو مزید دوبالا کرتا ہے پہلے سیاح یہاں آکر صرف مغل باغوں کی ہی سیر کرتے تھے لیکن آج باغ گل لالہ کی سیر کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہوتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی و غیر مقامی سیاح باغ گل لالہ کو دیکھنے ضرور آتے ہیں اور اس کے نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور آج پہلے ہی دن بے شمار سیاح یہاں آئے ہوئے ہیں۔

موصوف مشیر نے کہا کہ انتظامیہ نے باغ گل لالہ کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے باغ کے پس مننظر میں دس کروڑ روپے کے لاگت کے نئے پروجیکٹ پر کام شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باغ کے پس منظر میں ایک چیری باغ اور دیگر دلکش پیڑ پودے اور پھول لگائے جائیں گے۔ موصوف نے کہا کہ آج یعنی 25 مارچ سے باغ گل لالہ کو عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے اور 3 اپریل سے یہاں ٹیولپ فیسٹول شروع ہوگا۔

ان کا کہنا تھا: 'یہاں 3 اپریل سے ٹیولپ فیسٹول کا اہتمام کیا جائے گا جو چھ دنوں تک چلے گا اس کا افتتاح لیفٹیننٹ گونر صاحب کریں گے اور اس فیسٹول کے دوران جموں وکشمیر کے ٹورازم، کلچر، فلوریکلچر، دستکاری، آرٹ وغیرہ کی نمائش کی جائے گی تاکہ سیاح یہاں کے قدرتی مناظر کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کے کلچر سے بھی آشنا ہو سکیں'۔

مسٹر خان نے سیاحوں سے کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو چاہئے کہ باغ کی خوبصورتی سے الطف اندوز ہونے کے دوران کورونا گائیڈ لائنز پر من و عن عمل کریں تاکہ اس وبا سے بچا جا سکے۔

وادی میں نئے سیاحتی مقامات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: 'انتظامیہ جموں و کشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے ایک جامع پالسیی پر کام کر رہی ہے جس طرح بڈگام میں دودھ پتھری اور بھدرواہ میں بھسولی کو سیاحتی مقام کے بطور ابھارا گیا'۔

انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو جموں و کشمیر میں بہت جلد نئے نئے سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل جائے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے وادی کے لوگوں کی مہمان نوازی کے بارے میں ٹویٹ کے متعلق پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: 'وادی کے لوگوں کی مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہور ہے اور سیاحوں کو یہاں آکر قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ لوگوں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونا چاہئے'۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details