گزشتہ روز وادی بھر میں کم سے کم درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ بارہ دسمبر کو ہوئی برف باری کے بعد سے کشمیر بھر میں موسم خشک اور سرد رہا ہے اور رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔
محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز کے دوران وادی کشمیر میں ہلکی بارش یا برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے موسم گرما کے دارالحکومت سری نگر میں منفی 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی کشمیر میں سیاحتی مقام پہلگام میں درجہ حرارت منفی 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ، وادی کی سرد ترین جگہ رہی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ قاضی گنڈ میں کم سے کم منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شمال میں کپواڑہ میں منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا۔
کشمیر میں اس وقت 40 روز پر محیط سرد ترین ایام چلہ کلاں چل رہا ہے جس دوران وادی میں اکثر و بیشتر آبی ذخائر جم جاتے ہیں۔ یہ سلسلہ 21 دسمبر سے شروع ہو کر جنوری کے آخر تک جاری رہتا ہے۔