سرینگر:وادیٔ کشمیر میں گرچہ موسم خشک ہے تاہم شہنشاہ زمستان چلہ کلان اپنے طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرکے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے دو چار کر رہا ہے۔ دریں اثنا محکمۂ موسمیات نے وادی میں برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 6 جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں 7 جنوری سے موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران 8 سے 10 جنوری تک وادی میں برف باری متوقع ہے۔ ادھر وادی میں شبانہ درجۂ حرارت میں قدرے بہتری درج ہونے کے باوجود بھی ٹھٹھرتی سردیوں کا زور برا بر جاری رہا۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سری نگر میں 25 دسمبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجۂ حرارت منفی 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ Cold Wave continues in Kashmir
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجۂ حرارت منفی 10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجۂ حرارت منفی5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب بھی یہی درجۂ حرارت درج ہوا تھا۔