سرینگر (جموں کشمیر):پیران پیر حضرت شیخ سید عبد القادر جیلانی(رح) کے عرس پاک کی اختتامی تقریب تین نومبر جمعہ کو سرینگر میں آستان عالیہ دستگیر صاحبؒ خانیار میں نہایت ہی عقیدت و احترام اور تزک واحتشام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس موقعے پر شیخ سید عبد القادر جیلانی (رح) کی پاک سیرت، علمی مقام اور ان کے روحانی کمالات پر واعظین و مبلغین روشنی ڈالیں گے جب کہ دن بھر درود و اذکار اور خاص دعائہ مجالس کا اہتمام بھی جاری رہے گا۔ جب کہ نماز جمعہ کے بعد تبرکات کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔
ادھر، اسی طرح کی تقریب کا اہتمام درگاہ غوثیہ رہباب صاحب (رح) عالی کدل میں کیا جا رہا ہے جہاں پر مولوی ریاض احمد ہمدانی حضرت محبوب سبحانی شیخ سید عبد القادر جیلانی (رح) کی پاک سیرت، علمی اور روحانی کمالات پر وعظ وتبلیغ فرمائیں گے۔ نماز جمعہ کے بعد موئے پاک غوث الاعظم (رح) کے دیدار سے زائرین کو فیضیاب کرایا جائے گا۔