ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر نے بدھ کے روز کہا ہے کہ آٹھویں اور نویں جماعت کے امتحانات 15 نومبر سے شروع ہوں گے۔
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر کے جوائنٹ ڈائریکٹر عابد حسین نے بتایا کہ آٹھویں اور نویں جماعت کے امتحانات نومبر 15 سے شروع ہونگے اور 21 نومبر کو اختتام پذیر ہونگے۔
عابد حسین نے بتایا کہ ڈی ایس ای کے نے پہلی کلاس سے ساتویں جماعت کے امتحانات نومبر کے دوسرے ہفتے سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے چلتے جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے آٹھویں اور نویں جماعت کے طلبا کو ماس پرومیشن دئیے جانے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، تاہم چند روز قبل بورڈ نے آٹھویں اور نویں جماعت کے امتحانات کو اسکولی سطح پر منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری نوٹفیکیشن میں واضح کیا گیا تھا کہ آٹھویں کے سالانہ اور نویں جماعت کے ٹی ٹو امتحانات اسکول سطح پر ہی منعقد کئے جارہے ہیں۔ تاہم آج جوائنٹ ڈائریکٹر عابد حسین نے بتایا کہ آٹھویں اور نویں جماعت کے امتحانات 15 نومبر سے شروع ہونگے۔
بتا دیں کہ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے پہلے ہی دسویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی لئے ڈیٹ شیٹ مشتہر کیا ہے جس کے مطابق دسویں جماعت کے امتحانات 9 سے 27نومبر تک لیے جائیں گے جبکہ بارہویں جماعت کے امتحانات 10 نومبر سے شروع ہوکر دسمبر کی 9تاریخ کو اختتام پذیر ہوں گے۔
بورڈ نے آٹھویں اور نویں جماعت کے طلبا و طالبات کو بھی دسویں اور بارہویں جماعت کی طرز پر نصاب میں 40 فیصد کی رعایت دی گئی ہے۔ جس کے مطابق بچوں کا 60فیصد سالانہ نصاب کا ہی امتحان لیا جائے گا جوکہ سو فیصد تصور کیا جائے گا۔