سرینگر (جموں و کشمیر) :جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی کے حوالے سے حکومت ہند نے دہلی ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی ٹریبونل تشکیل دی ہے جو جیل میں بند علیحدگی پسند رہنما شبیر شاہ کی سربراہی والی علیحدگی پسند تنظیم جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (جے کے ڈی ایف پی) پر عائد کی گئی پابندی کا جائزہ لے گی۔
دہلی ہائی کورٹ کے جج جسٹس سچن دتا کی سربراہی میں ٹریبونل کمیٹی کے قیام کی اطلاع وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے دی۔ ٹریبونل یہ فیصلہ کرے گا کہ آیا جیل میں بند کشمیری علیحدگی پسند رہنما شبیر شاہ کی سربراہی میں جے کے ڈی ایف پی پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانونی طور پر وجوہات کافی ہیں یا ان اس پابندی کو کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔